اخبار مشرق وسطی | سعودی عرب کا یمنی باغیوں کے خلاف جنگ میں کامیابی کا دعویٰ

سعودی عرب نے شمالی یمن سے تعلق رکھنے والے شیعہ حوثی باغیوں کے خلاف جنگ میں کامیابی کا دعویٰ کیا ہے اوراس کا کہنا ہے کہ سعودی فوج نے شیعہ دراندازوں کو اپنے علاقے سے نکال باہرکیا ہے.

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے کویت سے عربی زبان میں شائع ہونے والے روزنامہ السیاسة کو ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ ''ان کی سعودی فورسز کے لئے واضح ہدایات تھیں کہ یمن کی حدود میں داخل ہوئے بغیردراندازوں کے خلاف آپریشنز کو صرف سعودی علاقے تک محدود رکھا جائے اوراپنی ملکی سرحدوں کا تحفظ کیا جائے''.

سعودی عرب نے گذشتہ منگل کوایک بیان میں کہا تھا کہ اس کا یمنی باغیوں کے ساتھ تنازعہ ختم ہونے کو ہے.نومبر سے جاری محدود پیمانے پر اس جنگ میں سعودی عرب کے تہتر فوجی شہید ہوئے ہیں.

شاہ عبداللہ نے ہفتہ کے روز شائع ہونے والے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ''ہمارا مقصد صرف دراندازوں کو اپنی حدودسے نکال باہرکرنا اوراپنی سکیورٹی کو برقراررکھنا تھا.ہم ایک ایسی قوم ہیں جو دوسرے ممالک کے داخلی امور میں مداخلت نہیں کرتے اورنہ اس بات کو قبول کرتے ہیں کہ کوئی دوسرا ملک ہمارے داخلی امور میں مداخلت کرے.

سعودی عرب نے نومبرمیں یمن کے شیعہ حوثی باغیوں کی جانب سے اپنے علاقے میں دراندازی اور سرحدی محافظوں پر حملوں کے بعد ان کے خلاف فوجی کارروائی شروع کی تھی.دوسری جانب یمن کے شمالی صوبوں صعدہ اورعمران میں یمنی سکیورٹی فورسز بھی شیعہ باغیوں کے خلاف بڑے پیمانے پرآپریشنز کررہی ہیں.

یمن کے جنوبی علاقوں میں القاعدہ کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں جن کے بارے میں عالمی سطح پر اس تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے کہ وہ یمن کوخطے کے دوسرے ممالک میں دہشت گردی کے حملوں کے لئے استعمال کرسکتے ہیں.

حوثی باغیوں کا تعلق شیعوں کے زیدی فرقے سے ہے اور وہ اپنے لیڈر کے قبیلے کے نام پرحوثی کہلاتے ہیں.ان کو یمنی حکومت سے یہ شکایت ہے کہ انہیں سماجی،اقتصادی اورمذہبی لحاظ سے دیوارسے لگایا جارہا ہے جبکہ یمنی حکومت کا کہنا ہے شیعہ باغی انیس سو ساٹھ کی دہائی کا نظام حکومت امامت دوبارہ ملک میں لانا چاہتے ہیں.تاہم باغیوں اوریمنی حکومت، دونوں ہی نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ ان کے کوئی فرقہ وارانہ مقاصد بھی ہیں.واضح رہے کہ یمن کے صدرعلی عبداللہ صالح بہ ذات خود بھی ایک زیدی شیعہ ہیں.

Post a Comment

أحدث أقدم